سوات میں افسوسناک واقعہ، بیٹے کی فائرنگ سے باپ جاں بحق، بعد ازاں بیٹے نے بھی خودکشی کرلی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) سوات کی تحصیل کبل بازار میں معمولی بات پر ہونے والی زبانی تکرار کے بعد افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بیٹے کی مبینہ فائرنگ سے باپ جاں بحق ہوگیا، جبکہ واقعے کے فوراً بعد بیٹے نے بھی مبینہ طور پر خود پر فائرنگ کرکے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز تحصیل کبل میں بخت کرم ولد آمیر ہاشم اور اس کے بیٹے عدنان کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی۔ پولیس کے مطابق تلخ کلامی کے بعد عدنان نے مبینہ طور پر اپنے والد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں بخت کرم شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمی بخت کرم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد عدنان نے بھی مبینہ طور پر خود پر فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

مقامی افراد کے مطابق عدنان مبینہ طور پر نشے کا عادی تھا، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور واقعے کے محرکات سمیت دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button