پاکستان پوسٹ کی نجکاری کی تجویز، سینیٹ کمیٹی میں بڑا فیصلہ زیر بحث

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں پاکستان پوسٹ آفس کی نجکاری کی تجویز پیش کردی گئی، جبکہ ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ نہ ہونے پر ارکان کمیٹی نے حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سینیٹر پرویز رشید کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی جی پاکستان پوسٹ آفس نے کمیٹی کو ادارے کی کارکردگی، مالی مشکلات اور آٹومیشن کے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے آپریشنز دور جدید اور ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر پاکستان پوسٹ آگے کیوں نہیں بڑھ پا رہا اور ادارے پر عوام کا اعتماد کیوں متاثر ہو رہا ہے۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ موجودہ دور آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی کا ہے، جبکہ پاکستان پوسٹ اب بھی پرانے طریقہ کار کے تحت چل رہا ہے۔
وزارت مواصلات کے حکام نے اعتراف کیا کہ پاکستان پوسٹ کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن نہ ہونے کے باعث ادارے کے آپریشنز میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔
ڈی جی پاکستان پوسٹ نے کمیٹی کو بتایا کہ ادارے کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے جس کے باعث جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پوسٹ پر وینڈرز کے 6.4 ارب روپے کے واجبات بھی موجود ہیں اور عدم ادائیگی کے باعث آپریشنز کو بحال رکھنے میں چیلنجز درپیش ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث بین الاقوامی میل سروس بھی متاثر ہوئی، تاہم جنگ کے دوران پاکستان پوسٹ کا بین الاقوامی میل نظام مکمل طور پر بند نہیں ہونے دیا گیا۔
حکام کے مطابق پاکستان پوسٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے جبکہ آٹومیشن منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ آٹومیشن کے لیے ایگزم بینک سے قرضہ منظور ہوچکا ہے اور کنسلٹنٹ کی تعیناتی کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا۔
حکام نے حکومت سے آٹومیشن منصوبے کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔ بریفنگ کے مطابق پورے منصوبے کی رقم ایگزم بینک فراہم کرے گا۔
پاکستان پوسٹ میں 1691 اسمارٹ فونز کی خریداری بھی جلد کی جائے گی، جبکہ کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے نیشنل بینک کے ساتھ ایم او یو بھی سائن کیا گیا ہے۔ پائلٹ منصوبے کے تحت اسلام آباد اور راولپنڈی میں کام شروع کیا جا رہا ہے۔
یوں سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان پوسٹ کی نجکاری کی تجویز کے ساتھ ساتھ ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، مالی بحران ختم کرنے اور ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا معاملہ بھی اہم بحث کا مرکز بن گیا۔



