کسانوں کیلئے اہم خبر، پاکستانی مکئی کی قیمت 15 فیصد تک کم کیوں ہوگئی؟

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان میں پیدا ہونے والی نان جینیٹک موڈیفائیڈ، یعنی عام طور پر دیسی مکئی، عالمی منڈی میں بہتر قیمت حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم فصل کی کٹائی، ناقص دیکھ بھال اور اسٹوریج کے مسائل کے باعث یہ مکئی بین الاقوامی مارکیٹ میں 10 سے 15 فیصد کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔
پاکستان سے زرعی اجناس برآمد کرنے والے ادارے ’’لوئس ڈیررس‘‘ کے کنٹری ہیڈ اور گرینز اینڈ آئل سیڈز کے سربراہ محمد دانیال نے بتایا کہ پاکستانی مکئی کی قیمت میں کمی کی بنیادی وجہ اس کا معیار نہیں بلکہ اس میں موجود ضرورت سے زائد نمی اور دیگر کثافتیں ہیں۔
محمد دانیال کے مطابق اگر مکئی کی کٹائی کے بعد مناسب دیکھ بھال، صفائی، خشک کرنے اور اسٹوریج کے عالمی معیار کے طریقے اپنائے جائیں تو پاکستانی مکئی کو عالمی منڈی میں بہتر قیمت حاصل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل ڈی سی کے پاکستان آنے کا مقصد ملک میں پیدا ہونے والی اضافی زرعی اجناس کو عالمی منڈیوں تک مطلوبہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق پہنچانا اور پاکستانی کسانوں کو ان کی فصل کی مناسب اور بہتر قیمت دلوانا ہے۔
ماہرین کے مطابق مکئی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ اس کی کٹائی کے بعد انتظام، نمی پر قابو پانے، صفائی اور معیاری اسٹوریج پر توجہ دی جائے تو پاکستان اپنی زرعی اجناس کی برآمدات سے زیادہ آمدنی حاصل کرسکتا ہے۔



