حکومت اور پیپلز پارٹی میں بڑا بریک تھرو، ڈیڈ لاک ختم،پیپلز پارٹی قانون سازی میں لچک دکھانے کو تیار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی اور قانون سازی کے معاملے پر اختلافات ختم کرانے کے لیے پس پردہ رابطے کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری ڈیڈ لاک ختم کرانے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات اور رابطوں کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو مکمل مینڈیٹ دے رکھا تھا، جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان رابطوں کا سلسلہ تیز ہوا اور اختلافات کم کرنے میں پیش رفت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بھی قانون سازی کے معاملے پر لچک دکھانے پر آمادہ ہوگئی ہے، جبکہ حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ پیش رفت کے بعد دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی میں کمی اور قانون سازی کے معاملات پر اتفاق رائے کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔



