محمد رضوان اور امام الحق کے لیے بڑا جھٹکا، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے نااہل قرار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد رضوان اور امام الحق ڈومیسٹک کرکٹ کے آئندہ راؤنڈ میں حصہ نہیں لے سکیں گے، دونوں کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ کی لازمی شرط پوری نہ ہونے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے لیے نااہل ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق نے اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کو فٹنس ٹیسٹ نہیں دیے، جس کے باعث دونوں کرکٹرز کی فٹنس رپورٹس بھی متعلقہ محکموں کے پاس موجود نہیں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قواعد کے مطابق فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت کے لیے ٹیموں پر کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینا اور ان کی رپورٹ پی سی بی کو جمع کرانا لازم ہے۔ فٹنس ٹیسٹ اور رپورٹ نہ ہونے کی صورت میں کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ نہ دینے اور متعلقہ رپورٹ موجود نہ ہونے کے باعث محمد رضوان اور امام الحق پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
محمد رضوان سوئی ناردرن گیس کے نائب کپتان ہیں اور پہلے راؤنڈ میں کپتان شان مسعود کی عدم دستیابی کی صورت میں انہیں ٹیم کی قیادت کرنا تھی۔ سوئی ناردرن گیس کا پہلا میچ اسٹیٹ بینک کے خلاف شیڈول ہے۔
دوسری جانب امام الحق او جی ڈی سی کے کپتان ہیں اور ان کی ٹیم کا پہلا میچ پی ٹی وی کے خلاف مقرر ہے۔
فٹنس ٹیسٹ کی شرط پوری نہ ہونے کے باعث دونوں اسٹار کرکٹرز کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، جس سے ان کی متعلقہ ٹیموں کو بھی اہم میچز سے قبل مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



