اسرائیل کا بڑا دعویٰ،قسام بریگیڈ کے3کمانڈرزشہیدکا اعلان

غزہ (جانو ڈاٹ پی کے) اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے 3 کمانڈرز کو شہید کردیا ہے، جن میں خان یونس بریگیڈ کے کمانڈر محمد الیزوری بھی شامل ہیں، جنہیں ’’ابو الہیثم‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔
اسرائیلی دعوے کے مطابق محمد الیزوری اور القسام بریگیڈز کے ایک انجینئر حذیفہ ابو معمر المواسی کے علاقے میں موجود تھے کہ انہیں اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل کی سیکیورٹی ایجنسی شن بیت نے بھی القسام بریگیڈ کے ایک اور کمانڈر محمد بہجت راشی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محمد الیزوری کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی کیونکہ حملے کے نتیجے میں ان کا جسم بری طرح متاثر ہوا اور چہرہ بھی مسخ ہوگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق الیزوری سے اچانک رابطہ منقطع ہونے کے بعد ان کے قریبی ساتھیوں نے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں یہ معلوم ہوا کہ انہیں مبینہ طور پر اسرائیلی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے سامنے آنے والے دعوے کے بعد القسام بریگیڈ کی قیادت اور غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے حوالے سے صورتحال ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔



