بلوچستان میں نوکریوں کی خرید و فروخت ختم! سرفراز بگٹی نے افسران سے بڑا حلف لے لیا

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سرکاری نوکریوں میں مبینہ کرپشن اور بے ضابطگیوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سینئر افسران سے حلف لے لیا کہ صوبے میں کسی بھی سرکاری نوکری کی خرید و فروخت نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیرصدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف محکموں کی کارکردگی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے سینئر افسران سے حلف لیا کہ بلوچستان میں کوئی سرکاری نوکری فروخت نہیں ہوگی اور بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگر نوکریوں کی خرید و فروخت ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نہ کوئی سیکرٹری بچے گا اور نہ ہی کوئی وزیر۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمتیں نوجوانوں کا حق ہیں اور کسی کو بھی اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اس حق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کی شکایات کا بھی نوٹس لیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کردی۔
سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت سرکاری بھرتیوں میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔



