نسل پرست جماعت کی جیت پر ٹرمپ کی مبارکباد،جرمن چانسلر نے ٹرمپ کیساتھ طے شدہ فون پر گفتگو منسوخ کردی

برلن(جانوڈاٹ پی کے)جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ طے شدہ فون پر گفتگو منسوخ کردی۔

یہ فیصلہ ٹرمپ کی جانب سے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کی علاقائی انتخاب میں کامیابی کا کھلے عام خیرمقدم کیے جانے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔

مرز کے ترجمان نے فون کال منسوخ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم واضح کیا کہ یہ فیصلہ مصروفیات یا شیڈول کے ٹکراؤ کی وجہ سے نہیں کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان نئی تاریخ بھی ابھی طے نہیں ہوئی۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں اے ایف ڈی کی کامیابی کو ’بڑی رات‘ قرار دیتے ہوئے جرمنی کی امیگریشن پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اپنی ’’MAGA‘‘ مہم کی طرز پر اے ایف ڈی کی حمایت میں ’’MGGA‘‘ کا نعرہ بھی استعمال کیا۔

دوسری جانب مرز ماضی میں اے ایف ڈی کو جرمنی کی جمہوریت کے لیے خطرہ اور نسل پرستانہ جماعت قرار دیتے رہے ہیں۔

بدھ کو جرمن پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اے ایف ڈی کی ’ری مائیگریشن‘ پالیسی کو نسل اور رنگ کی بنیاد پر ’نسلی صفائی‘ کے مترادف قرار دیا، تاہم اے ایف ڈی نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔

اے ایف ڈی نے اتوار کو مشرقی جرمنی کی ریاست سیکسنی انہالٹ کے علاقائی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔ اس انتخابی نتیجے کے بعد جرمنی میں امیگریشن، روس سے تعلقات اور اے ایف ڈی کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ پر بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button