الجزائر نے متحدہ عرب امارات سے سفارتی تعلقات توڑ دیے، بڑا اعلان سامنے آگیا

الجزائر (جانو ڈاٹ پی کے) الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر ایک بڑا بحران پیدا ہوگیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق الجزائر کے سرکاری ٹی وی پر اعلان کیا گیا کہ دوطرفہ تعلقات برقرار رکھنے کے تمام ذرائع ختم ہونے کے بعد الجزائر نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق الجزائر نے متحدہ عرب امارات پر ملکی اور علاقائی معاملات میں مداخلت کے الزامات عائد کیے ہیں، تاہم اماراتی حکام کی جانب سے ان الزامات پر ردعمل کا حوالہ رپورٹ میں نہیں دیا گیا۔

الجزائر نے اپنے ملک میں تعینات اماراتی سفیر کو فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کی مہلت بھی دے دی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کے سابقہ بیانات بھی اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔ صدر تبون اپنی تقاریر میں متحدہ عرب امارات کو ایک ’مائیکرو اسٹیٹ‘ قرار دیتے رہے ہیں اور الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ خطے کے متعدد ممالک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

رواں سال جولائی میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران صدر عبدالمجید تبون نے امارات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”یہ جہاں قدم رکھتے ہیں، وہاں خون بہتا ہے۔“

انہوں نے مزید کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کا کردار بہت منفی رہا ہے اور الجزائر چاہتا ہے کہ وہ اس سے دور رہے تاکہ ملک میں خونریزی نہ ہو۔

الجزائر کی جانب سے حالیہ سفارتی اقدام دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک غیر معمولی اور سنگین پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جبکہ اس فیصلے کے علاقائی اثرات پر بھی نظر رکھی جارہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button