پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری، برطانوی ادارے بی آئی آئی کا سرمایہ کاری اور فنانسنگ بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) برطانوی ادارے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (BII) نے پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری اور فنانسنگ بڑھانے کا اعلان کردیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع اور فنانسنگ میں اضافے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بی آئی آئی کے وفد نے پاکستان کو ایک اہم سرمایہ کاری کی منزل قرار دیتے ہوئے آئندہ برسوں میں ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وفد کے مطابق ایشیا اور افریقا میں آئندہ پانچ سال کے دوران دو ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں انفرااسٹرکچر اور کلائمیٹ فنانس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ قابلِ تجدید توانائی اور بجلی کی ترسیل کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) اور زرعی شعبے کے لیے فنانسنگ بڑھانے، پرائیویٹ ایکویٹی اور پرائیویٹ کریڈٹ کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں سرمایہ کاری کے لیے نئے کیپٹل مارکیٹ آلات متعارف کرانے اور موجودہ رئیل اسٹیٹ اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکومت اور بی آئی آئی کے درمیان ہونے والی یہ پیش رفت پاکستان میں نجی شعبے، توانائی، انفرااسٹرکچر، زراعت اور موسمیاتی فنانسنگ کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے اہم قرار دی جارہی ہے۔



