چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر بڑاموڑ،وزیراعظم شہباز شریف نے محمود اچکزئی کو جواب دیدیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے خط کا جواب دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے محمود خان اچکزئی کو جوابی خط موصول ہوگیا ہے، جس میں انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن میں نئی تقرریوں کے لیے آئینی طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
محمود خان اچکزئی نے گزشتہ ماہ چیف الیکشن کمشنر اور نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم کو خط لکھا تھا۔ اس سے قبل سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم کو خط لکھ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھی ملاقات کی تھی۔ حکومتی وفد نے ملاقات کے دوران وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے خط کا جواب بھجوانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی اس وقت کوئٹہ میں موجود ہیں اور آئندہ دو سے تین روز میں اسلام آباد پہنچیں گے، جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر مشاورت مزید آگے بڑھنے کا امکان ہے۔
چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت آئینی عمل کا اہم حصہ ہے، جبکہ وزیراعظم کے جوابی خط کے بعد اس معاملے میں پیش رفت کی راہ ہموار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔



