پٹرولیم لیوی کیخلاف سندھ اسمبلی کا بڑا مطالبہ،وفاق سے وصولیاں فوری بند کرنے کی قرارداد منظور

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی بوجھ کے خلاف سندھ اسمبلی نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی حکومت سے پیٹرولیم لیوی سمیت دیگر مدات میں وصولیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

سیکریٹری سندھ اسمبلی کی جانب سے وفاقی وزارتِ پیٹرولیم کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی سمیت تمام غیر ضروری وصولیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔

یہ مراسلہ جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا۔ قرارداد ایوان میں کثرتِ رائے سے منظور ہوئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی اصل قیمت 238 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہے، تاہم حکومت کی جانب سے پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کی جا رہی ہے۔قرارداد کے مطابق پیٹرول پر 5 روپے فی لیٹر ماحولیاتی لیوی بھی عائد ہے، جس کے باعث صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔

سندھ اسمبلی کے اس مطالبے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور دیگر چارجز ایک بار پھر سیاسی اور عوامی بحث کا مرکز بن گئے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کی جانب سے وفاق کو مراسلہ ارسال کیے جانے کے بعد اب وفاقی حکومت کے ردعمل کا انتظار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button