مشرق وسطیٰ کی جنگ بھی ترسیلات زر نہ روک سکی، پاکستان کو اربوں ڈالر مل گئے

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے وطن سے محبت کی نئی مثال قائم کردی، اگست 2026 میں ترسیلات زر کا حجم 3.7 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو جولائی کے مقابلے میں 0.7 فیصد جبکہ گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 16.5 فیصد زیادہ ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اگست میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں ماہانہ اور سالانہ دونوں بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ سامنے آیا ہے۔
مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر وطن بھیجے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رقم 6.4 ارب ڈالر تھی۔
یوں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 14.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ پاکستان کے بیرونی مالیاتی استحکام کے لیے اہم ہے، کیونکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود ترسیلات زر میں اضافہ اس امر کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن کو بھیجی جانے والی رقوم کا سلسلہ بڑی حد تک برقرار ہے۔
اربوں ڈالر کی یہ ترسیلات ملکی معیشت کے لیے ایک بڑی امید بن کر سامنے آئی ہیں، جبکہ آنے والے مہینوں میں ترسیلات زر کا رجحان معاشی صورتحال پر مزید اثر انداز ہوسکتا ہے۔



