27 ستمبر کا احتجاج، پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی سے 5،5 لاکھ روپے فنڈز مانگ لئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کو احتجاج کے لیے 5،5 لاکھ روپے فنڈز جمع کرنے اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تیاریوں کے باعث وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا دورہ پنجاب بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق سینٹرل پنجاب کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور کارکن لاہور میں جمع ہوں گے، جبکہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا کہ کارکن لاہور میں احتجاج کریں گے یا انہیں اسلام آباد روانہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع کے ارکان اسمبلی اور کارکن خیبر پختونخوا پہنچیں گے، جبکہ جنوبی پنجاب کے تمام ارکان اسمبلی کارکنوں کے ہمراہ احتجاج سے ایک روز قبل پشاور پہنچیں گے۔
دوسری جانب سینٹرل پنجاب کے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تیاریاں جاری ہیں، تاہم کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر پولیس چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔



