ٹھٹھہ میں بدنام زمانہ گٹکا فروش کے گودام پر چھاپہ، 4 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں گٹکا برآمد

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ٹھٹھہ پولیس نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے بدنام زمانہ گٹکا فروش نظیر کھیو کے گٹکا گودام پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں گٹکا مٹیریل اور گٹکا ماوا برآمد کرلیا گیا۔

ٹھٹھہ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل چانڈیو کی ہدایت پر میرپور ساکرو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غلام اللہ روڈ ٹمکا چوک کے قریب واقع گٹکا گودام پر چھاپہ مارا۔

ایس ایچ او ساکرو انسپکٹر گلزار علی تنیو اور اے ایس آئی نعیم حیدر میمن کی سربراہی میں کارروائی کے دوران نظیر احمد ولد جمعوں کھیو اور عبدالعزیز ولد جمعوں کھیو کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گودام سے 14 بنڈل تمباکو پتی، 24 کلو گٹکا مٹیریل اور 300 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی میں ساکرو پولیس نے ساکرو تا گاڑہو روڈ شورا پوری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے خلیل احمد ولد خمیسو کنبھار اور بشیر احمد ولد عباس کنبھار کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے 250 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق گرفتار چاروں ملزمان کے خلاف تھانہ ساکرو میں گٹکا ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button