سعودی کابینہ کا حوثی حملوں پر سخت ردعمل، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کا عزم

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔

سعودی کابینہ نے بحیرۂ احمر میں تجارتی بحری جہازوں اور بین الاقوامی بحری نقل و حرکت کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔

اجلاس میں سعودی عرب کی خودمختاری، قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ حوثی حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کو اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

کابینہ نے فلسطین کے معاملے پر عرب ممالک کی مشترکہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا اور القدس و مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری اور جبری بے دخلی کی پالیسیوں کی مخالفت کی۔

اجلاس میں سعودی عرب اور جرمنی کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم بھی کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button