پاکستان کی پہلی موبائل غسل یونٹ گاڑی تیار، میت کو غسل اور کفن کی سہولت مفت ملے گی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) قبا اسلامک کمپلیکس اسلام آباد نے تحجیز و تکفین کے شعبے میں ایک منفرد اور جدید اقدام کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی موبائل غسل یونٹ گاڑیاں تیار کرلی ہیں، جن کے ذریعے شہری اور دیہی علاقوں سمیت حادثات کی صورت میں جاں بحق افراد کو موقع پر غسل اور کفن کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔

قبا اسلامک کمپلیکس کی جانب سے تیار کی گئی جدید گاڑی میں میت کو غسل دینے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کفن اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

موبائل یونٹ میں ایئرکنڈیشنڈ اور گرم پانی کی سہولت

انتظامیہ کے مطابق موبائل غسل یونٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جس میں ایئرکنڈیشنڈ ماحول، گرم پانی اور دیگر ضروری سہولیات دستیاب ہوں گی۔

یہ سروس شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی، تاکہ کسی حادثے یا اچانک وفات کی صورت میں لواحقین کو میت کی غسل و تکفین کے انتظامات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حادثات میں جاں بحق افراد کے لیے فوری سہولت

قبا اسلامک سنٹر کے جنرل سیکرٹری عبد الواجد نے کہا کہ ان کا ادارہ انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہے اور شہریوں کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی حادثے میں لوگوں کی جان چلی جاتی ہے تو میت کو غسل دینے کے لیے فوری اور مناسب انتظامات دستیاب نہیں ہوتے، ایسے حالات میں موبائل غسل یونٹ ایک اہم اور روشن مثال ثابت ہوسکتا ہے۔

قبا اسلامک سنٹر کا فلاحی منصوبوں کا وسیع سلسلہ

عبد الواجد کے مطابق قبا اسلامک سنٹر کے صدر انعام الرحمان کمبوہ اور جنرل سیکرٹری یاسر عرفات بٹ کی ہدایات کی روشنی میں موبائل غسل یونٹ کا یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ادارے کے شعبہ خدمت کے تحت پہلے ہی مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں، جن میں کفالت الیتامٰی، کفالت بیوگان، میت بس، ایمبولینس سروس، عائشہ ووکیشنل سنٹر، فری میڈیکل کمپلیکس، تھیلیسیمیا سنٹر، تعمیر المساجد، قرآن اکیڈمیز اور راشن پروگرام شامل ہیں۔

قبا اسلامک سنٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موبائل غسل یونٹ بھی اسی سلسلۂ خدمت کا حصہ ہے، جس کا مقصد مشکل اور ہنگامی حالات میں شہریوں کو باعزت اور فوری سہولت فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button