جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح 12.05 فیصد مقرر، وزارت خزانہ کا اہم اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (GPF) میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر منافع کی شرح 12.05 فیصد سالانہ مقرر کردی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ قرارداد جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت یکم جولائی 2025 سے شروع ہونے والے مالی سال کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر نئی شرح منافع نافذ ہوگی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد سالانہ مقرر تھی، تاہم نئے مالی سال کے لیے اس شرح میں کمی کرتے ہوئے اسے 12.05 فیصد سالانہ کردیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزارت ریلوے اور وزارت دفاع کے زیر انتظام مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے بیلنس پر متعلقہ مالی سال کے لیے منافع کی شرح سے متعلق ضروری ہدایات دونوں وزارتیں الگ سے جاری کریں گی۔
وزارت خزانہ نے قرارداد کو گزٹ آف پاکستان میں شائع کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ گزٹ میں اشاعت کے بعد مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر 12.05 فیصد سالانہ منافع کی شرح باضابطہ طور پر نافذ ہوگی۔
یوں سرکاری ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم پر گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں منافع کی شرح میں 0.41 فیصد پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔



