اسرائیل نے جھوٹ اور تخریب کاری سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو سبوتاژ کرنےکی کوشش کی،اردوان

استنبول(جانوڈاٹ پی کے)ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ترکیے کو خطے میں گھیرنے کی کوششوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ ایک آزاد اور خوشحال ریاست کے طور پر اپنے راستے میں رکاوٹ برداشت نہیں کرے گا۔
کابینہ اجلاس کے بعد خطاب میں اردوان نے کہا کہ ترکیہ خطے میں اپنے گرد دشمنانہ اقدامات کو خاموشی سے نہیں دیکھے گا تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا ملک کسی ریاست، معاشرے، عقیدے یا ثقافت کے خلاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ مشکل جغرافیائی صورتحال کے باوجود ایک آزاد اور خوشحال ریاست کی حیثیت سے اپنا سفر جاری رکھنا چاہتا ہے اور اسے روکنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
علاقائی تنازعات پر بات کرتے ہوئے اردوان نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال اور اس کے وسیع تر اثرات کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جھوٹ اور تخریب کاری سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو سبوتاژ کرنےکی کوشش کی۔
اردوان نے کہا کہ خطے میں بحرانوں کا طوفان اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک وہ سوچ تبدیل نہیں ہوتی جو امن کے معمولی امکان کو بھی اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔



