نوشکی میں لرزہ خیز واردات، بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی صدر گھر میں قتل

نوشکی (جانو ڈاٹ پی کے) نوشکی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ضلعی صدر اور یونین کونسل چیئرمین میر عبدالرحمان لانگو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے گزشتہ رات کلی نوکجو میں میر عبدالرحمان لانگو کے گھر میں گھس کر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد ملزمان گاڑی میں فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں 5 سے 6 مسلح افراد کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

میر عبدالرحمان لانگو نوشکی کی ایک متحرک سیاسی شخصیت تھے۔ ان کے قتل کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم فوری طور پر فائرنگ کی وجہ اور ملزمان کی شناخت سامنے نہیں آسکی۔

مزید خبریں

Back to top button