ایران میں شادی کی تقریب پر امریکی حملہ، پینٹاگون کی تحقیقات شروع، ہدف سے بم بھٹکنے کا انکشاف

تہران (جانو ڈاٹ پی کے)ایران میں شادی کی تقریب پر ہونے والے امریکی فضائی حملے نے نیا رخ اختیار کرلیا، پینٹاگون نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں جبکہ امریکی میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر امریکی بم اپنے اصل ہدف سے ہٹ کر شادی کی تقریب والے گھر سے جا ٹکرایا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پینٹاگون اس دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے ساتھ ساتھ فضائی دفاعی میزائل گرنے سے متعلق بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی ایران کے ساحلی علاقے کوہستک میں امریکی طیاروں نے ایک مواصلاتی مرکز کو نشانہ بنایا تھا، تاہم حملے کے دوران ایک بم ممکنہ طور پر راستے سے بھٹک گیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی نیوی کے طیاروں نے مواصلاتی مرکز پر 6 بم گرائے، جن میں سے ایک ہدف تک نہ پہنچ سکا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یہ بم تقریباً 440 فٹ دور واقع اس گھر سے جا ٹکرایا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔

ایرانی حکام کے مطابق واقعے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ امریکی حملے کو ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں میں ہونے والی وسیع تر فضائی کارروائیوں کا حصہ بتایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مواصلاتی مرکز کو نشانہ بنانے کے لیے امریکی طیاروں سے مختلف ہتھیار استعمال کیے گئے، جبکہ حملے میں استعمال ہونے والے بعض ہتھیاروں میں 500 پاؤنڈ وزنی وارہیڈ نصب ہونے کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

پینٹاگون کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ شادی کی تقریب کو پہنچنے والے نقصان کی اصل وجہ کیا تھی اور امریکی ہتھیار ہدف سے کیسے بھٹکا۔

واقعے نے جنگی کارروائیوں کے دوران شہری علاقوں میں حملوں، ہدف کے تعین اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کو ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر نمایاں کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button