پاکستان کا عالمی باڈی بلڈنگ میں بڑا کارنامہ، حمزہ راجہ نے مسٹر یونیورس 2026 کا مجموعی ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان نے عالمی باڈی بلڈنگ کے میدان میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، واپڈا کے ایتھلیٹ حمزہ راجہ نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف باڈی بلڈنگ اینڈ فٹنس (IFBB) کے زیرِ اہتمام مسٹر یونیورس 2026 چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز فزیک کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
حمزہ راجہ نے صرف گولڈ میڈل ہی حاصل نہیں کیا بلکہ اپنی بہترین پرفارمنس کی بدولت چیمپئن شپ کا مجموعی ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔
واپڈا ترجمان کے مطابق حمزہ راجہ نے عالمی مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ IFBB پرو کارڈ بھی حاصل کرلیا، جو ان کے کیریئر کی ایک بڑی کامیابی قرار دی جارہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حمزہ راجہ بین الاقوامی مقابلوں میں مجموعی ٹائٹل اور پرو کارڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔
مسٹر یونیورس 2026 چیمپئن شپ میں دنیا کے 26 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس نے شرکت کی، جہاں پاکستانی ایتھلیٹ کی کامیابی نے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔
واپڈا ترجمان نے حمزہ راجہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک اہم بین الاقوامی اعزاز قرار دیا۔



