ترکیہ کے معروف اداکار گھر میں مردہ پائے گئے، گرل فرینڈ نے دل دہلا دینے والا انکشاف کردیا

استنبول (جانو ڈاٹ پی کے) ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ استنبول کے ضلع کاغتھانے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے، واقعے نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو سوگوار کردیا۔
ترکیہ کے میڈیا کے مطابق 51 سالہ اداکار کو 5 ستمبر کو ان کی گرل فرینڈ اوزلم ای نے گھر کے ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت بیٹھے ہوئے پایا۔
اوزلم ای کے مطابق وہ 3 ستمبر سے سرحات مصطفیٰ کیلیچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم بارہا کوشش کے باوجود رابطہ نہ ہونے پر انہیں تشویش ہوئی اور وہ اداکار کی خیریت معلوم کرنے کے لیے ان کے گھر پہنچ گئیں۔
گھر میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے اداکار کو بے ہوش حالت میں دیکھا اور فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی۔ طبی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور معائنے کے بعد اداکار کے انتقال کی تصدیق کردی۔
موت کی وجہ تاحال سامنے نہ آسکی
رپورٹس کے مطابق سرحات مصطفیٰ کیلیچ کی موت کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ موت کی حتمی وجہ متعلقہ حکام کی تحقیقات اور طبی رپورٹ کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔
تھیٹر سے ٹی وی اسکرین تک کامیاب سفر
سرحات مصطفیٰ کیلیچ نے 1998 میں تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں ترک ٹیلی وژن کی متعدد مقبول سیریز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
وہ ’سوز‘، ’کورلوش عثمان‘ اور ’محمد فاتح‘ سمیت کئی معروف ڈراموں اور سیریز میں کام کرچکے تھے۔ ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد ترکیہ کے شوبز حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔



