سیرک شادی حملے میں استعمال ہتھیار امریکی ساختہ تھے، ایران

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی عدلیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سیرک کے علاقے کوہستک میں شادی کی تقریب پر یکم ستمبر کو ہونے والے حملے میں استعمال کیے گئے ہتھیار امریکی ساختہ تھے۔ ایرانی حکام کے مطابق حملے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے میزائل کے ٹکڑوں پر درج کوڈز، بار کوڈز اور دیگر نشانات کا تکنیکی تجزیہ کیا گیا، جس سے ہتھیاروں کو امریکی دفاعی کمپنی ریتھیون سے منسلک کیا گیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملبے سے ملنے والی تھرمل بیٹری اور گائیڈنس سسٹم کے پرزے بھی امریکی ساختہ پریسیژن گائیڈڈ ہتھیاروں سے مطابقت رکھتے ہیں۔ ایک فوجی شناختی کوڈ CAGE Code 96214 بھی ریتھیون سے منسلک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
یکم ستمبر کو جنوبی ایران کے علاقے کوہستک، سیرک میں شادی کی تقریب کے دوران ایک رہائشی مقام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ مختلف رپورٹس کے مطابق واقعے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ حملے کا مقصد فوجی تنصیبات تھیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
رائٹرز کے تجزیے میں بھی ابتدائی شواہد کی بنیاد پر امکان ظاہر کیا گیا کہ شادی کی تقریب کو پہنچنے والا نقصان امریکی ساختہ گائیڈڈ میونیشن کے براہِ راست حملے سے ہوا، تاہم امریکی تحقیقات اس معاملے پر جاری ہیں۔


