آبنائے ہرمز میں کشیدگی عروج پر، ایران کا امریکی آبدوز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

تہران، واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والی امریکی بحریہ کی ایک آبدوز کو نشانہ بنایا ہے، جسے ریموٹ کے ذریعے چلایا جا رہا تھا۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ آبدوز آبنائے ہرمز کے محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی۔
اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے 3 آئل ٹینکروں جبکہ دیگر علاقوں میں موجود 3 امریکی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا۔
ایران نے ان کارروائیوں کو امریکی افواج کی جانب سے 3 ایرانی آئل ٹینکروں پر کیے گئے حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔ تاہم امریکی حکام نے ایرانی آبدوز کو نشانہ بنانے کے دعوے کی تاحال تصدیق نہیں کی۔ تازہ کشیدگی میں امریکی اور ایرانی فورسز کے درمیان بحری جھڑپوں اور تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے کہا تھا کہ امریکی افواج نے 3 ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک کو ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرۂ خارگ کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ امریکی فوج کے مطابق دیگر کارروائیاں جاسک اور خلیج عمان کے قریب کی گئیں۔


