لاہور ہائیکورٹ کی نئی 11 منزلہ عمارت میں 26 عدالتیں فعال، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے افتتاح کردیا

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ کی 11 منزلہ نئی عمارت میں قائم 26 نئی عدالتوں کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے نئی عدالتوں کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں جسٹس محمد وحید خان، جسٹس مرزا وقاص رؤف، جسٹس فیصل زمان خان، جسٹس جواد حسن، جسٹس سلطان تنویر احمد، جسٹس محمد امجد پرویز، جسٹس اسد علی باجوہ، جسٹس غلام سرور نہنگ اور جسٹس سید فرہاد علی شاہ سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں فوجداری مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کی عدالتیں نئی عمارت میں منتقل کی جائیں گی۔ سنیارٹی نمبر 16 سے اوپر فوجداری مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو نئی عدالتوں میں منتقل کیا جائے گا۔

نئی عمارت میں گراؤنڈ فلور سے چوتھی منزل تک ہر فلور پر چار، چار عدالتیں قائم کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں گراؤنڈ فلور کے علاوہ 8 بالائی اور 2 زیرِ زمین منزلیں شامل ہیں، جہاں عدالتی امور کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

نئی عدالتوں کے فعال ہونے سے لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت کے لیے دستیاب عدالتی گنجائش میں اضافہ ہوگا اور ججز و سائلین کو بہتر سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button