سیف گیمز 2027 کی تاریخیں مقرر، 6 ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز کی شرکت متوقع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیف گیمز 2027 کی تیاریوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں جنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹی کے تعاون سے کھیلوں کے انعقاد کی تاریخیں 4 سے 11 اپریل 2027 مقرر کردی گئیں۔
اجلاس میں سیف گیمز کے لیے نیشنل کوآرڈی نیٹر کی تقرری جبکہ اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 chaired a meeting of the Steering Committee on preparations for the SAF Games.
In coordination with the South Asian Olympic Committee, the dates for the Games have been finalized from 4th to 11th… pic.twitter.com/4STLVijz5H
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 5, 2026
اعلامیے کے مطابق سیف گیمز 2027 میں مجموعی طور پر 28 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔
مقابلوں کا انعقاد اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام اداروں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے اور کھیلوں کے مقامات کی تیاری مقررہ وقت کے اندر مکمل کی جائے۔
اسحاق ڈار نے سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسٹیئرنگ کمیٹی کو تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ماہانہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جاسکیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ طارق باجوہ، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔



