مشرقِ وسطیٰ کے عوام بیرونی مداخلت مسترد کریں، شی جن پنگ

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے عوام بیرونی مداخلت کو مسترد کریں، جبکہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے جامع تعاون اور مذاکرات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے 4 نکاتی حکمتِ عملی پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ چین خطے میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے، جبکہ مسئلہ فلسطین مشرقِ وسطیٰ کا اہم اور بنیادی مسئلہ ہے۔
چینی صدر نے مشترکہ، جامع اور تعاون پر مبنی دیرپا سیکیورٹی نظام قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں ترقی کے حصول کے لیے مضبوط بین الاقوامی رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
شی جن پنگ نے اس سے قبل غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سب سے ضروری کام غزہ میں فوری فائر بندی کرانا اور تنازع کے مزید خطے میں پھیلنے کے خطرے کو روکنا ہے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کے مستقل حل کا بنیادی راستہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہے، جس کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔



