چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا پنجاب پراسیکیوشن کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے پنجاب پراسیکیوشن کی کارکردگی کو قابلِ اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کا طریقۂ کار اور پیشہ ورانہ کارکردگی انہیں پسند ہے۔

چیف جسٹس پاکستان سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پنجاب پراسیکیوشن میں خدمات انجام دینے والے پراسیکیوٹرز انتہائی قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، پنجاب پراسیکیوشن سے کسی قسم کی شکایت نہیں، اس کی کارکردگی قابلِ اطمینان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پراسیکیوشن کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لیے قابلِ تقلید ہے، دیگر صوبوں کو چاہیے کہ وہ پنجاب پراسیکیوشن سے مدد اور رہنمائی حاصل کریں اور اس کے مؤثر طریقۂ کار اور تجربات سے استفادہ کریں۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان صادق تارڑ نے کہا کہ پنجاب پراسیکیوشن نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک مؤثر نظام وضع کیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے محکمہ کی کارکردگی کا اعتراف پنجاب پراسیکیوشن کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی حوصلہ افزائی سے افسران اور پراسیکیوٹرز کو مزید محنت کرنے کا حوصلہ ملے گا، جبکہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی مؤثر فراہمی کے لیے اصلاحات کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button