چنیوٹ میں جائیداد کا لرزہ خیز تنازع، خاوند نے بیوی اور 3 بچوں کے قتل کے لاشیں گڑھے میں دبا دیں

چنیوٹ(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے علاقے چنیوٹ میں جائیداد کے لالچ میں شوہر کی جانب سے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کا دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ صدر کی حدود چک نمبر 126 ج ب میں پیش آیا، جہاں جائیداد کے تنازع پر ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو قتل کیا، جبکہ تینوں بچے بھی لاپتہ تھے۔ شک کی بنیاد پر گڑھا کھود کر بچوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے 30 اگست کو اپنی بیوی کو قتل کیا، جبکہ برآمد ہونے والی لاشوں کی شناخت 7 سالہ ام البنیٰ، 6 سالہ صبا زہرا اور 3 سالہ نواز کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی بیوی کے حصے کی زرعی اراضی اپنے نام منتقل کرانے کے لیے اسے مبینہ طور پر دباؤ میں رکھتا تھا اور اراضی منتقل نہ کرنے کی صورت میں بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر میں 302/34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے چک نمبر 126 ج ب پہنچ کر بچوں کی لاشیں ملنے کی جگہ کا معائنہ کیا۔ سینیئر پولیس افسران اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔

ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button