پاسپورٹ کے منتظر شہریوں کے لیے بڑی سہولت، ہفتہ کو بھی ڈلیوری کاؤنٹرز کھلے رہیں گے


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز بھی شہریوں کو تیار پاسپورٹس فراہم کرنے کے لیے کھلے رہیں گے۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق ہفتہ وار سہولت کے تحت پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ یہ خصوصی سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی۔
شہری ہفتہ کے روز بھی اپنے تیار پاسپورٹس وصول کرسکیں گے۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے معمول کے دفتری اوقات میں کاؤنٹرز پر نہ پہنچ پانے والے شہریوں کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے درخواست گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تیار پاسپورٹس بروقت وصول کریں، کیونکہ چھ ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے مطابق تلف کردیئے جائیں گے۔