امریکا کی سعودی عرب کو 5 ارب 75 کروڑ ڈالر کے جدید ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری


واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) امریکا نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب 75 کروڑ ڈالر کے جدید دفاعی سازوسامان کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پیکیج میں ایکسٹینڈڈ رینج جے ڈی اے ایم (JDAM-ER) گائیڈنس کٹس اور متعلقہ فوجی سازوسامان شامل ہیں، جن کی مالیت تقریباً 5 ارب ڈالر ہے۔ اس سودے میں بوئنگ مرکزی ٹھیکیدار ہوگا۔
محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو 60 اے جی ٹی 1500 ٹینک انجنز کی تقریباً 75 کروڑ ڈالر مالیت کی ممکنہ فروخت کی بھی منظوری دی ہے، جس کے لیے ہنی ویل مرکزی ٹھیکیدار ہوگا۔ یہ انجن ایم ون ابرامز ٹینکس میں استعمال ہوتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق مجوزہ دفاعی پیکیج کا مقصد سعودی عرب کی علاقائی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت، دفاعی استعداد اور امریکی و خلیجی افواج کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔