بدین میں8ایکڑ32گھنٹہ زرعی زمین پرمبینہ قبضہ،متاثرین کاپریس کلب کے سامنے احتجاج

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے)بدین کے قریب دیہہ چیڑانڈی کے رہائشی نانا جاڑو ملاح، شبیر ملاح، شکیل ملاح اور دیگر نے اپنی زرعی زمین پر مبینہ قبضے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر احتجاج کرنے والوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دیہہ چیڑانڈی میں ان کی 8 ایکڑ 32 گھنٹہ سروے زمین موجود ہے، جس پر مبینہ طور پر منشیات فروشوں کے ایک گروہ نے قبضہ کر رکھا ہے اور انہیں مختلف جھوٹے مقدمات کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ سال 1988ء سے ان کی مذکورہ زمین کا کمپیوٹرائزڈ کھاتہ موجود ہے۔ سومار ملاح، نیاز ملاح اور دیگر نے مبینہ طور پر زبردستی زمین کے کچھ حصے پر قبضہ کرکے، خود پر تشدد اور گھروں کو آگ لگانے کے ڈرامے رچا کر ان پر جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے مقدمات درج کرانے کی کوشش کی ہے انہوں نے مزید کہا کہ مبینہ واقعات کی ویڈیوز بھی ان کے پاس موجود ہیں، جو پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ احتجاج کرنے والوں کے مطابق عدالتِ عالیہ بھی قبضے میں لی گئی زمین کے کچھ حصے کو واگزار کرانے کے حوالے سے حکم جاری کر چکی ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ قبضے کے خلاف پولیس کارروائی سے قبل مبینہ طور پر جھوٹے ڈرامے رچا کر اور پریس کانفرنسیں کرکے قانونی کارروائی سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے احتجاج کرنے والوں نے اعلیٰ حکام اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ ان کی زمین سے مبینہ قبضہ ختم کرایا جائے، منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے



