مٹھی:الخدمت اسپتال میں آپریشن کے دوران خاتون مبینہ طور پر جاں بحق، لواحقین کا ڈاکٹروں پر غفلت کا الزام

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) الخدمت اسپتال مٹھی میں آپریشن کے دوران ایک خاتون مبینہ طور پر جاں بحق ہوگئی، جس کے بعد متوفیہ کے لواحقین نے ڈاکٹروں پر غفلت اور لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

لواحقین اور ذرائع کے مطابق بجیر محلہ مٹھی کی رہائشی مسماۃ صغران زوجہ اصغر علی بجیر کو لیڈی ڈاکٹر موہنی گوتم کے مشورے پر فوری آپریشن کے لیے الخدمت اسپتال لایا گیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ دورانِ آپریشن خاتون کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ جاں بحق ہوگئی۔

لواحقین کے مطابق خاتون کی حالت تشویشناک ہونے کے بعد ڈاکٹر موہنی کی جانب سے مبینہ طور پر بتایا گیا کہ مریضہ کو دل کا مسئلہ درپیش ہے اور اسے مزید علاج کے لیے ایس آئی سی وی ڈی اسپتال مٹھی منتقل کیا جائے۔ جس کے بعد لواحقین خاتون کو ایس آئی سی وی ڈی اسپتال لے کر پہنچے، جہاں موجود ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر بتایا کہ خاتون تقریباً نصف گھنٹہ قبل ہی انتقال کرچکی تھی۔

واقعے کے بعد متوفیہ کے لواحقین نے ڈاکٹر موہنی اور ڈاکٹر سائمہ کی مبینہ غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف، غیر جانب دار اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔دوسری جانب اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹر سے مؤقف جاننے کے لیے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم رابطہ نہ ہوسکا۔

مزید خبریں

Back to top button