فلپائن: محبت جیت گئی، سیلاب بھی شادی نہ روک سکا

منیلا (ویب ڈیسک) فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایک جوڑے نے گھٹنوں تک بھرے سیلابی پانی کے باوجود شادی کی تقریب مکمل کرلی، جوڑے کے عزم نے سب کو حیران کردیا۔

منیلا کے سینٹ جان دی بپٹسٹ چرچ میں پانی بھر جانے کے باوجود دلہن لیان لیزا گالانگ سفید عروسی لباس اور سفید پھولوں کا گلدستہ تھامے احتیاط سے سیلابی پانی سے گزرتے ہوئے چرچ پہنچیں، جہاں ان کی گلبرٹ چیکو سے شادی ہوئی۔

دولہا گلبرٹ چیکو کا کہنا تھا کہ دونوں نے شادی کی مکمل تیاری کی تھی اور انہیں اس بات کی پرواہ نہیں تھی کہ گاؤن اور کوٹ بھیگ جائیں گے۔ چرچ کے پادری نے مختصر تقریب میں دونوں کو میاں بیوی قرار دیا، جبکہ شادی میں 15 سے بھی کم افراد شریک ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق چرچ انتظامیہ نے بڑھتے ہوئے سیلاب کے باعث جوڑے کو شادی مؤخر کرنے کا مشورہ دیا تھا، تاہم دونوں نے تقریب ہر صورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ چرچ تقریباً ایک ماہ سے جزوی طور پر سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا تھا۔

چونکہ جوڑا اپنی شادی ہر صورت مکمل کرنا چاہتا تھا، اس لیے چرچ کے عملے نے بھی ان کے اس خاص دن کو یادگار بنانے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔

واضح رہے کہ فلپائن میں اگست کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کے باعث ملک کے شمالی حصے میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب سے 34 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button