لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد شدید دباؤ کے باعث بابراعظم بخار میں مبتلا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بخار میں مبتلا ہو گئے۔
لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز سے بدترین شکست اور کرکٹ بورڈ کے بڑے اور اچانک فیصلوں کے بعد لندن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں سناٹا اور انتہائی دباؤ کی کیفیت ہے۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جو لارڈز ٹیسٹ میں 8 اور 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ٹیم کی شکست اور ہیڈ کوچ اور 7 کھلاڑیوں کے وطن واپس بھیجے جانے پر خاصے دباؤ میں ہیں اور اطلاعات کے مطابق شدید بخار میں مبتلا ہیں ۔
بابر اعظم کی طبعیت کے حوالے سے جب ٹیم کے میڈیا مینجر نوید اکرم چیمہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے اور کپتان بابر اعظم نے اس حوالے سے انہیں مطلع کیا ہے البتہ گھبرانے یا تشویش کی کوئی بات نہیں ہے۔
ٹیم کے میڈیا مینجرنے کہا کہ بابر اعظم فٹ ہیں اور بخار کے حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں، وہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے۔



