اسلام کوٹ میں احتجاج، صحافی رزاق بجیر کی مبینہ گرفتاری اور گمشدگی کیخلاف شدید نعرے بازی

اسلام کوٹ(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)پریس کلب اسلام کوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے سی آئی اے پولیس تھرپارکر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرہ علی اکبر، محبت بجیر، ممتاز بجیر، حاجی بجیر، عطااللہ بجیر، ایوب بجیر، فاروق بجیر، خالد، نظیر، مقیم اور کاشف کی قیادت میں کیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سی آئی اے تھرپارکر پولیس نے صحافی رزاق بجیر کو مبینہ طور پر بے گناہ گرفتار کرکے لاپتہ کر دیا ہے، جو سراسر زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رزاق بجیر کا کسی بھی جرم سے کوئی تعلق نہیں اور پولیس نے مبینہ طور پر اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صحافی رزاق بجیر کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے ایس ایس پی تھرپارکر سے مطالبہ کیا کہ سی آئی اے پولیس کے مبینہ غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور رزاق بجیر کی فوری رہائی یقینی بنائی جائے۔



