وزیراعظم کی ازبک صدر سے ملاقات،تجارت کا حجم 2 ارب ڈالرتک بڑھانے کے ہدف کا اعادہ

بشکیک(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر مرزیایوف سے ملاقات میں دو طرفہ تجارت کا حجم 2 ارب امریکی ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر شہباز شریف کی مرزیایوف سے ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے صدر کو ازبکستان کی آزادی کی 35ویں سالگرہ پر مبارک باد دی اور اُن کے فروری 2026ء کے دورہ پاکستان کا تذکرہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس نے دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت فراہم کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو وزیراعظم نے تجارت، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون سے متعلق فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر 2029ء تک دو طرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے مشترکہ ہدف کا اعادہ کیا اور توسیع شدہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر موثر عمل درآمد کی اہمیت کا تذکرہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کاروباری سطح پر روابط میں اضافے اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کی اہمیت کا ذکر بھی کیا، ساتھ ہی علاقائی رابطوں کو مشترکہ اسٹریٹجک ترجیح قرار دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت بھی اجاگر کی اور کہا کہ یہ منصوبہ ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button