لارڈز میں شکست کے بعد پی سی بی کا بڑا فیصلہ، رضوان اور امام الحق وطن واپس طلب

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) لارڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 194 رنز کی شکست اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہنگامی بنیادوں پر اہم فیصلے کر لیے۔
ذرائع کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق کو پاکستان واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور امام الحق کی انجری کے معاملے پر بورڈ کی جانب سے مزید غور اور تحقیقات کا امکان ہے۔
لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز شکست کے بعد لندن میں پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں دورۂ انگلینڈ میں قومی ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برمنگھم میں 9 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ سے قبل پاکستانی اسکواڈ میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔ صائم ایوب اور عرفات منہاس کو تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ طلب کر لیا گیا ہے۔
محمد رضوان نے لیڈز کے بعد لارڈز ٹیسٹ میں بھی غیر ذمہ دارانہ انداز میں وکٹ گنوائی، جس کے بعد ان کی ٹیم میں موجودگی پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔
دوسری جانب امام الحق کی انجری کے معاملے پر پی سی بی نے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ٹیم مینجمنٹ میں بھی تبدیلیوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو لارڈز کے میدان میں 16 سال بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انگلینڈ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔



