لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پی سی بی کا ایکشن، قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان

لندن (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) دورۂ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کا صبر جواب دے گیا، لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم انتظامیہ اور بورڈ حکام کا اہم اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق ہوٹل میں ہونے والے اجلاس میں قومی ٹیم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور تیسرے ٹیسٹ سے قبل ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تیسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ مزید کرکٹرز کو پاکستان سے انگلینڈ طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
صائم ایوب اور عرفات منہاس کو انگلینڈ طلب کرلیا گیا، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو ویزے ملنے کے بعد انگلینڈ بھیجا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امام الحق کی انجری کے معاملے پر تحقیقات کیے جانے کا امکان بھی ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید فیصلے متوقع ہیں۔
دوسری جانب تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کے معاملات میں مائیک ہیسن، سرفراز احمد کے ساتھ مل کر اہم امور دیکھیں گے۔ تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون اور حکمت عملی میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔
بورڈ حکام نے لارڈز ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال فوری بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔



