پنجاب پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 1 لاکھ 16 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب پولیس نے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں رواں برس اگست تک صوبے بھر سے ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار کرلیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان میں اے کیٹگری کے 29 ہزار جبکہ بی کیٹگری کے 87 ہزار سے زائد مجرمان شامل ہیں۔
پولیس نے صوبہ بھر سے 35 ہزار 546 عدالتی مفرور بھی گرفتار کیے، جن میں اے کیٹگری کے 5 ہزار 254 جبکہ بی کیٹگری کے 30 ہزار 292 عدالتی مفرور شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران 12 ہزار 865 عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا، جن میں اے کیٹگری کے 4 ہزار 406 اور بی کیٹگری کے 8 ہزار 459 عادی مجرم شامل ہیں۔
صرف لاہور میں کارروائیوں کے دوران 26 ہزار 868 اشتہاری مجرمان، 11 ہزار 229 عدالتی مفرور اور 5 ہزار 203 عادی مجرم گرفتار کیے گئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور ہدایت کی کہ اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں۔



