ایک لاکھ فٹ کی بلندی سے گرنے والا آئی فون 17 پرو محفوظ، گینز ورلڈ ریکارڈ قائم

اسٹاک ہوم(ویب ڈیسک) سویڈن میں کیے گئے ایک انوکھے تجربے کے دوران آئی فون 17 پرو تقریباً ایک لاکھ فٹ کی بلندی سے زمین پر گرنے کے باوجود مکمل طور پر محفوظ رہا اور گینز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آئی فون 17 پرو کو ایئر ایکس کیس میں محفوظ کرکے ایک اونچائی والے غبارے کے ذریعے اسٹریٹوسفیئر تک پہنچایا گیا۔ فون نے زمین پر گرنے سے قبل 1 لاکھ 416 فٹ کی بلندی کو چھوا۔

تجربے کے دوران آئی فون نے زمین پر واپسی کا سفر تقریباً 25 منٹ میں مکمل کیا۔ اس دوران فون اور کیس کو منفی 40 سے منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ تک انتہائی سرد درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فضائی دباؤ سطح سمندر کے دباؤ کا صرف تقریباً ایک فیصد تھا۔

زمین پر واپسی کے بعد تجرباتی ٹیم نے سویڈن کے جنگلات میں فون کا سراغ لگانے کے لیے جی پی ایس ٹریکنگ کا استعمال کیا۔ ڈیوائس ملنے کے بعد اسے گینز ورلڈ ریکارڈ کے جج کے سامنے جانچ کے لیے پیش کیا گیا۔

حیران کن طور پر آئی فون مکمل طور پر فعال حالت میں پایا گیا۔ اسے آن اور آف کیا جاسکتا تھا، کالز کی جاسکتی تھیں اور تصاویر بھی بنائی جاسکتی تھیں، جبکہ فون کے بیرونی حصے پر بھی کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

یہ تجربہ برطانیہ کی ایرو اسپیس کمپنی سینٹ انٹو اسپیس کے اشتراک سے کیا گیا۔ منصوبے کا مقصد ایئر ایکس کیس کو روایتی ڈراپ ٹیسٹنگ سے کہیں آگے لے جانا اور انتہائی سردی، کم فضائی دباؤ اور شدید اثرات کے حالات میں اس کی کارکردگی جانچنا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button