پمز آتشزدگی کے بعد زیرو ٹالرنس پالیسی، پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتال پر 5،5 لاکھ جرمانہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پمز آتشزدگی سانحے کے بعد کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فائر سیفٹی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرتے ہوئے پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتال پر 5،5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، جبکہ شہید ملت سیکرٹریٹ اور اسٹیٹ لائف بلڈنگ سمیت مجموعی طور پر 8 عمارات سیل کردی گئی ہیں۔
سی ڈی اے کے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتال کو فائر سیفٹی انتظامات میں خامیوں پر متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم فائر اینڈ لائف سیفٹی سے متعلق خامیوں کو مکمل طور پر دور نہیں کیا گیا۔
نوٹسز میں حالیہ پمز مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال (ایم سی ایچ) آتشزدگی کے واقعے اور اس کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سانحے نے ہسپتالوں میں فائر اور لائف سیفٹی اقدامات کی فوری ضرورت کو مزید نمایاں کردیا ہے۔
سی ڈی اے نے دونوں ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ 7 روز کے اندر فی ہسپتال 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کیا جائے۔
اس کے علاوہ فائر ڈیٹیکشن اور الارم سسٹم، فائر فائٹنگ و سپریشن سسٹم، ایمرجنسی لائٹنگ اور ایگزٹ سائنز سمیت دیگر حفاظتی انتظامات میں موجود خامیاں فوری طور پر دور کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹسز کے مطابق احکامات پر عملدرآمد مکمل ہونے کے بعد متعلقہ ہسپتالوں کو تکنیکی اور دستاویزی شواہد پر مشتمل کمپلائنس رپورٹ سی ڈی اے میں جمع کرانا ہوگی۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق فائر سیفٹی تقاضوں پر عملدرآمد کے بعد دونوں ہسپتالوں کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا، جبکہ احکامات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



