ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز میں آگ، طیارے کی 12 منٹ بعد ہنگامی لینڈنگ

ٹورنٹو (ویب ڈیسک) ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 784 کے کارگو ہولڈ میں آگ لگنے کے بعد طیارے کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ذرائع کے مطابق ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کے پینل پر آگ کی نشاندہی کرنے والے سگنل موصول ہوئے۔ عملے نے صورتحال کی تصدیق کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
پرواز نے ٹیک آف کے تقریباً 12 منٹ بعد دوبارہ ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ پر ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔
فوری طور پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کو رن وے پر پہنچایا گیا۔ ہنگامی لینڈنگ کے بعد فائر بریگیڈ کے عملے نے طیارے کے کارگو ہولڈ کا معائنہ شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے میں 130 مسافر سوار تھے، جنہیں بحفاظت طیارے سے اتار کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا۔
پرواز پی کے 784 نے پیر کی دوپہر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا، تاہم آگ لگنے کے واقعے کے باعث پرواز کا شیڈول متاثر ہوگیا۔



