واشک میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و گولہ بارود برآمد

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 2 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی گاڑی بھی تباہ کردی گئی، جبکہ جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشتگرد ماشکیل پولیس اسٹیشن اور کسٹم ہاؤس پر ہونے والے دہشتگرد حملوں میں ملوث تھے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد کیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود مبینہ طور پر شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف آپریشن ردالفتنہ جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید کارروائیوں اور سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری رکھا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button