ماتلی رائس ملز ایسوسی ایشن کی نئی باڈی اتفاقِ رائے سے منتخب

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی جانو ڈاٹ کام ) رائس ملز ایسوسی ایشن ماتلی کے انتخابات میں رائس ملز مالکان نے باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے نئی باڈی کا انتخاب کرلیا، جس کے تحت حاجی محمد یوسف کشمیری کو صدر، سیٹھ آکاش کمار کو جنرل سیکریٹری، سیٹھ نریش کمار کو نائب صدر جبکہ سمیر نظامانی کو خزانچی منتخب کیا گیا، نو منتخب عہدیداروں کے انتخاب پر رائس ملز مالکان اور ایسوسی ایشن کے ارکان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی، اس موقع پر نومنتخب صدر حاجی محمد یوسف کشمیری نے رائس ملز مالکان کا اعتماد اور ذمہ داری سونپنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے تمام ارکان کے مفادات کا تحفظ اور انہیں درپیش جائز مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہوگی، رائس ملز مالکان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ارکان کو اعتماد میں لے کر متعلقہ اداروں اور حکام سے مؤثر انداز میں رابطہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کسی ایک فرد یا گروپ کی نہیں بلکہ تمام رائس ملز مالکان کی نمائندہ تنظیم ہے اور اس کے پلیٹ فارم سے باہمی اتحاد، مشاورت اور اتفاقِ رائے کو فروغ دیا جائے گا، نومنتخب جنرل سیکریٹری سیٹھ آکاش کمار، نائب صدر سیٹھ نریش کمار اور خزانچی سمیر نظامانی نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صدر اور ایسوسی ایشن کے تمام ارکان کے ساتھ مل کر تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ رائس ملز مالکان کے کاروباری مسائل کے ساتھ ساتھ ماتلی شہر اور علاقے کی بہتری کے لیے بھی ایسوسی ایشن اپنی سماجی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کرے گی، نومنتخب عہدیداروں نے کہا کہ خدمتِ خلق ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے اور ان شاء اللہ رائس ملز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام اراکین کو ساتھ لے کر نہ صرف رائس ملز مالکان کے جائز مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی جائے گی بلکہ ماتلی شہر کی ترقی، بہتری اور عوامی فلاح کے لیے بھی اپنی بساط کے مطابق کردار ادا کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button