پنجاب پولیس کیلئے باڈی کیمروں اور پینک بٹن کی تعداد میں اضافے کی منظوری


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب پولیس کے لیے باڈی کیمروں اور پینک بٹنز کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پہلے پنجاب پولیس کے لیے 17 ہزار 812 باڈی کیمرے اور ایک ہزار 96 پینک بٹن منظور کیے گئے تھے، تاہم اب باڈی کیمروں کی تعداد بڑھا کر 30 ہزار جبکہ پینک بٹنز کی تعداد 1500 کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
نئی منظوری کے بعد باڈی کیمروں کی تعداد میں 12 ہزار 188 جبکہ پینک بٹنز میں 404 کا اضافہ ہوگا۔ اضافی سامان کی خریداری کے لیے مزید ایک ارب 21 کروڑ 24 لاکھ روپے درکار ہوں گے۔
نئی تعداد کے مطابق باڈی کیمروں اور پینک بٹنز کی مجموعی لاگت 3 ارب 5 کروڑ 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک باڈی کیمرے کی قیمت 95 ہزار روپے جبکہ ایک پینک بٹن کی قیمت ایک لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اخراجات کا نصف حصہ ٹریفک پولیس کو ملنے والی لائسنسنگ فیس کے 13 فیصد سے پورا کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔