پمز نرسری آتشزدگی: قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع، فوری بحث کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پمز اسپتال کے نرسری وارڈ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرایا، جس میں پمز میں پیش آنے والے واقعے کو انتہائی سنجیدہ اور تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پمز اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کے نتیجے میں معصوم نومولود بچوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جبکہ اس سانحے نے ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات، انتظامی غفلت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے نظام پر کئی اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے مطالبہ کیا کہ اس انتہائی سنگین واقعے پر قومی اسمبلی میں فوری بحث کرائی جائے تاکہ آتشزدگی کے حقائق سامنے لائے جاسکیں اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔
توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام کے لیے ہسپتالوں میں مؤثر حفاظتی اور ایمرجنسی اقدامات یقینی بنانا ضروری ہے۔



