بلوچستان: فتنہ الہندوستان سے وابستہ 9 مطلوب خواتین کے سر کی قیمت مقرر

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان حکومت نے فتنہ الہندوستان سے وابستہ انتہائی مطلوب 9 خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام مقرر کردیا۔

حکومت بلوچستان کے مطابق مطلوب خواتین کا تعلق گوادر، جیونی اور تربت سے ہے اور ان کی گرفتاری یا نشاندہی میں مدد دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ شہری مطلوب خواتین سے متعلق معلومات حکومت بلوچستان کے مقررہ رابطہ نمبرز پر فراہم کرسکتے ہیں۔

مطلوب خواتین میں حنیفاں بی بی، عائشہ، رقیہ، حفصہ، زہرہ، امینہ بانی، زرمین اور عزیزاں سمیت 9 خواتین شامل ہیں۔

حکومت کے مطابق 8 مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ عزیزاں کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لیے 15 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ خواتین بلوچستان میں امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور سادہ لوح خواتین کو ورغلا کر بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button