داتا دربار کے چندے میں خردبرد کا انکشاف، ڈالر بھارتی کرنسی سے تبدیل

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرانتظام داتا دربار کے چندے میں مبینہ خردبرد کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق داتا دربار میں غیر ملکی کرنسی کی صورت میں جمع ہونے والے چندے میں مبینہ غبن کیا گیا، جبکہ ڈالرز کو بھارتی کرنسی میں تبدیل کرکے چندے کی رقم میں خردبرد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ میں سرکاری ریکارڈ میں ٹمپرنگ ثابت ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے بعد تحقیقات کا عمل شروع کردیا گیا۔ مبینہ طور پر گزشتہ پانچ سال کے دوران ریکارڈ میں ردوبدل کرکے چندے میں خردبرد کی گئی۔
محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ سابق ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل، سابق مینیجر طاہر مقصود، زونل ایڈمنسٹریٹر گلاب ارشاد اور شاہد حمید ورک کے خلاف بھی انکوائری شروع کردی گئی ہے۔
سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کے مطابق معاملے کی انکوائری کی جا رہی ہے، جسے جلد مکمل کرکے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ زائرین کے چندے کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کی گئی ہے اور تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔



